ریاض: (ویب ڈیسک) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور ایک کشمیری نوجوان کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کشمیری شہری وزیر خارجہ کو آگاہ کر رہا ہے کہ 48 روز گزر گئے ہیں کہ مقبوضہ وادی میں والدین سے رابطہ نہیں ہو سکا۔
وزیر خارجہ نے اپنی سوشل میڈیا کی ویب ٹویٹر پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک کشمیری نوجوان شاہ محمود قریشی سے ملاقات کر رہا ہے اور اپنے آبائی علاقے کی صورتحال سے انہیں (وزیر خارجہ) کو آگاہ کر رہا ہے۔
شاہ محمود قریشی نے ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ روز میں سعودی عرب کے شہر مدینہ میں تھا، جہاں میری ملاقات ایک نوجوان سے ہوئی، جس کا تعلق کشمیر سے تھا، نوجوان نے بتایا کہ 48 دن ہو گئے ہیں میرا والدین سے رابطہ نہیں ہو سکا، میرا تعلق پلوامہ سے ہے اور وہاں کے حالات بہت زیادہ خراب ہیں اور آئے روز شہریوں پر تشدد کیا جاتا ہے۔
وزیر خارجہ کا اس موقع پر کہنا تھا کہ میں نے نوجوان سے وعدہ کیا کہ پاکستان کشمیریوں کا کیس ہر سطح پر سفارتی محاذ پر لڑے گا۔
Yesterday in the holy city of Madinah this young man told me he has not spoken to his ageing parents in 48 days. He told me of the unprecedented violence in Pulwama in IOK. I promised him Pakistan is fighting at every diplomatic forum for the rights of Kashmiris. #LetKashmirSpeak pic.twitter.com/Qj02kKz7JR
— Shah Mahmood Qureshi (@SMQureshiPTI) September 21, 2019
یہ ویڈیو مدینہ میں مسجد نبوی میں بنائی گئی ہے، ویڈیو میں کشمیری نوجوان شاہ محمود قریشی کو بتا رہا ہے کہ میرے آبائی علاقے میں ایک ہی لینڈ لائن نمبر ہے جس پر میں فون کرتا ہوں تو وہاں کوئی فون نہیں اُٹھاتا۔
کشمیری شہری نے وزیر خارجہ کو بتایا کہ مقبوضہ کشمیر کے حالات بہت زیادہ خراب ہیں، میں بہت کوشش کر رہا ہوں والدین سے رابطہ کر سکوں لیکن جس لینڈ لائن پر فون کرتا ہوں وہاں پر لوگ جان بوجھ کر کال منقطع کر دیتے ہیں۔
شہری نے شاہ محمود قریشی کو بتایا کہ میرے بھائی کو 1993ء میں بھارتی قابض فوج نے شہید کر دیا تھا جبکہ میری والدہ کو بھی قابض بھارتیوں نے شہید کیا۔
اس موقع پر وزیر خارجہ نے کشمیری شہریوں کو یقین دہانی کرائی کہ ہم کشمیریوں کو کسی صورت بھی تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ وزیراعظم عمران خان امریکا جا رہے ہیں جہاں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں خطاب کریں گے اور کشمیریوں کی آواز دنیا تک پہنچائیں گے۔ ہم کشمیریوں کا کیس لڑیں گے۔