ملک کے مختلف حصوں سے کروڑوں روپے کی منشیات پکڑی گئی، ملزمان گرفتار

Last Updated On 20 September,2019 03:51 pm

لاہور: (دنیا نیوز) ملک کے مختلف حصوں سے کروڑوں روپے کی منشیات پکڑی گئی، سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر 24 کلو، فیصل آباد میں بحرین جانے والے مسافر سے 4 کلو ہیروئن پکڑی گئی جبکہ پشاور رنگ روڈ پر کار سے 16 کلو ہیروئن نکلی، تمام ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔

سیالکوٹ میں دبئی جانے والے میاں بیوی کے سامان سے دوران سکیننگ منشیات برآمد ہوئی، منشیات لیڈیز سوٹوں کی کڑھائی کے اندر چھپائی گئی تھی۔ بین الاقوامی مارکیٹ میں منشیات کی قیمت کروڑوں روپے ہے۔ ملزمان کا تعلق دیپا لپور اوکاڑہ سے ہے جو برطانوی شہریت رکھتے ہیں۔

فیصل آباد میں نجی ائیر لائن سے بحرین جانے والے مسافر صوابی کے رہائشی مقصود خان کے بیگ سے 4 کلوگرام ہیروئن برآمد ہوئی۔ اے ایس ایف نے ملزم اور برآمد شدہ منشیات کو اینٹی نارکوٹکس فورس کے حوالے کر دیا۔

دوسری طرف اے این ایف نے پشاور رنگ روڈ پر کارروائی کر کے گاڑی کے خفیہ خانوں سے 16 کلو ہیروئن برآمد کر لی۔ ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے، تمام ملزمان سے مزید تٖفتیش کی جا رہی ہے۔