کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کی ایسٹ پولیس نے مختلف کارروائیوں میں 10 ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے اسلحہ، موبائل فون اور چوری شدہ موٹر سائیکلیں برآمد کر لیں۔
ایس ایس پی ایسٹ غلام اظفر مہیسر نے اپنے دفتر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ ایسٹ پولیس نے نیوٹاؤن کے علاقے میں واقع خاتون پاکستان کالج کے قریب کارروائی کرتے ہوئے سیکیورٹی یونیفارم میں ملبوس ڈکیت گروہ کے سرغنہ آصف کو اس کے 4 ساتھیوں سمیت گرفتار کر لیا۔
ملزمان کے قبضے سے مختلف اقسام کے 16 ہتھیار، چوری اورچھینی گئی درجنوں موٹرسائیکلیں بھی برآمد کر لی گئیں، ایس ایس پی ایسٹ نے بتایا کہ گرفتار ملزمان نے شہباز سیکیورٹی کمپنی کے نام سے جعلی سیکیورٹی کمپنی بنا رکھی تھی۔ ملزمان پہلے بنگلوں پر اپنے سیکیورٹی کمپنی کے گارڈز تعینات کراتے پھر اسی بنگلے کو اپنے دیگر ساتھیوں کی مدد سے لوٹ لیا کرتے تھے۔
انھوں نے مزید بتایا کہ ملزمان نے گلستان جوہرمیں اپنا ایک عارضی دفتر بنایا ہوا تھا اور ان کے قبضے سے برآمد ہونے والا اسلحہ غیرقانونی ہے، اس کا کوئی ریکارڈ نہیں اور نہ ہی سیکیورٹی کمپنی کہیں رجسٹرڈ ہے۔