لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ کرپشن کرنے والوں کیلئے پنجاب میں کوئی جگہ نہیں، عوام کے جائز کام میں کسی کو رکاوٹ نہیں ڈالنے دیں گے، تعلیم، صحت اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے منصوبے ترجیح ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزار نے اپنے بیان میں کہا کہ جنوبی پنجاب کو ماضی میں جان بوجھ کر پسماندہ رکھا گیا، ایک سال کے دوران جنوبی پنجاب کی محرومیاں دورکرنے کیلئے عملی اقدامات کیے ہیں، پسماندہ علاقوں کی ترقی و خوشحالی کیلئے جامع حکمت عملی اپنائی گئی، مسائل کے حل کیلئے خود لوگوں سے ملتا ہوں، تحریک انصاف کی حکومت عوامی فلاح کے وہ کام کر رہی ہے جو ماضی میں کوئی حکومت نہ کرسکی۔
سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا ڈینگی کے مرض پر قابو پانے کیلئے سیاسی و انتظامی مشینری کو متحرک کر دیا ہے، کرپٹ عناصر کی وجہ سے وطن عزیز آگے بڑھنے کی بجائے پیچھے گیا، تحریک انصاف کی حکومت نے کرپشن کے خلاف علم بلند کیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا اقتدار سنبھالا تو معیشت تباہ حال تھی، ادارے کنگال تھے، مختصر عرصے میں مختلف شعبوں میں اصلاحات کر کے نئی مثال قائم کی ہے، ہم نعروں پر نہیں عمل پر یقین رکھتے ہیں، اللہ تعالیٰ نے خدمت خلق کا جو موقع عطا کیا ہے، اسے عبادت سمجھ کر نبھا رہے ہیں۔