وزیر خارجہ کی ترک ہم منصب سے ملاقات، مقبوضہ کشمیر پر تبادلہ خیال

Last Updated On 26 September,2019 10:25 pm

نیویارک: (دنیا نیوز) اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے چوہترویں اجلاس کے موقع پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی ترکی کے وزیرِ خارجہ میولود چاوش اوغلو سے ملاقات ہوئی جس میں مقبوضہ جموں وکشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور خطے میں امن وامان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے فلور پر جس طرح ترک صدر رجب طیب اردوان نے مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کے خلاف آواز اٹھائی، اس سے مظلوم کشمیریوں کو بہت حوصلہ ملا ہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے او آئی سی رابطہ گروپ کے اجلاس میں مقبوضہ جموں وکشمیر کے حوالے سے متفقہ اعلامیہ کے اجرا میں ترکی کی بھرپور معاونت پر ترک وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔

دونوں وزرائے خارجہ نے خطے میں امن واستحکام کے لئے مشترکہ کاوشیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

 

Advertisement