صدر انٹرنیشنل کرائسس گروپ رابرٹ مالے کی نیو یارک میں شاہ محمود سے ملاقات

Last Updated On 23 September,2019 12:32 pm

نیویارک: (دنیا نیوز) نیویارک میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے صدر انٹرنیشنل کرائسز گروپ رابرٹ مالے سے ملاقات کی ہے۔

ملاقات میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ صدر انٹرنیشنل کرائسز گروپ رابرٹ مالے کو وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے مقبوضہ وادی میں بھارت کی ظالمانہ کارروائیوں کی تفصیل سے آگاہ کیا۔

مودی کے مکروہ عزائم دنیا کے سامنے بے نقاب ہو رہے ہیں: شاہ محمود

قبل ازیں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے نیویارک میں کشمیری رہنماؤں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا مودی کے مکروہ عزائم دنیا کے سامنے بے نقاب ہو رہے ہیں، ٹرمپ کے ساتھ خطاب میں نریندر مودی اپنا مکروہ چہرہ نہیں چھپا سکتا، مقبوضہ وادی میں سکول بند، ہر طرف خوف کا ماحول ہے۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا مودی کہہ رہا ہے مقبوضہ وادی میں حالات معمول پر ہیں، دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونکی جا رہی ہے، جھوٹ بول رہے ہیں، مودی بہت کچھ کہے گا کیونکہ اس کا مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے آ رہا ہے، اقوام متحدہ کے مبصرین کو کشمیر تک رسائی نہیں دی جا رہی، مقبوضہ وادی سے نوجوان پکڑ کر دور دراز جیلوں میں بند کیے جا رہے ہیں۔

وزیر خارجہ نے کہا بھارتی مندوب سے کہوں گا مقبوضہ وادی سے کرفیو اٹھا لیں، اگر دنیا یہ سمجھتی ہے کہ کشمیر بہت دور ہے اور وہاں کی صورتحال کے اثرات ان پر نہیں پڑیں گے تو یہ ان کی غلط فہمی ہے، اگر خطے کی دو قوتوں کے درمیان کوئی مسئلہ ہوا تو دنیا لاتعلق نہیں رہ سکے گی، بھارت ایک بڑی منڈی ضرور ہے لیکن دنیا اپنے مفادات کا تحفظ کرتے کرتے کوئی بڑا نقصان نہ کر بیٹھے، امید ہے کہ اقوام متحدہ کے مبصر جلد مقبوضہ وادی جائیں گے۔
 

Advertisement