لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس محمد قاسم خان نے آئی جی پنجاب کو جھوٹے مقدمات دائر کروانے والوں کے خلاف کاروائی کا حکم دے دیا۔
لاہور ہائیکورٹ میں 5 سالہ بچی کے ساتھ زیادتی کے ملزم کی درخواست ضمانت پر سماعت کے دوران نشتر کالونی تھانہ کے تفتیشی افسر نے بتایا کہ مقدمہ کے مدعی نے ملزم سے صلح کرلی، مدعی نے عدالت کو بتایا کہ عدالت ملزم کو رہا کر دے۔
جسٹس قاسم خان نے سخت برہمی کا اظہار کیا اور ریمارکس دئیے کہ مقدمہ درج کروا کے ملزموں سے صلح کر کے رہا کرنے والے مدعیوں کے خلاف سیکشن 182 کے تحت کاروائی کی جائے، پہلے مقدمہ درج کرواتے اور بعد میں ملزموں کو رہا کروانے آ جاتے ہیں۔
جسٹس قاسم خان نے آئی جی پنجاب کو حکم دیا کہ جھوٹے مقدمات درج کروانے والوں کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے۔ عدالت نے ملزم کی صلح کی بنیاد پر درخواست ضمانت مسترد کرتے ہوئے خارج کر دی۔