لاہور: (دنیا نیوز) مریم نواز نے منی لانڈرنگ کیس میں ضمانت پر رہائی کیلئے درخواست دائر کر دی ہے جس میں لکھا گیا ہے کہ نیب کرپشن ثابت کرنے میں ناکام رہا، درخواست ضمانت منظور کی جائے۔
چودھری شوگر ملز انکوائری میں گرفتار نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کی درخواست ضمانت میں چیئرمین نیب سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے اور مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ نیب نے سیاسی انتقام کا نشانہ بناتے ہوئے گرفتار کیا۔
مریم نواز نے درخواست ضمانت میں کہا ہے کہ نیب کے قانون کا غلط استعمال کر کے گرفتار کیا گیا، پاناما لیکس کیس میں تمام جائیدادیں اور اثاثے ڈکلیئر کر رکھے ہیں، لہذا درخواست کے حتمی فیصلے تک عبوری ضمانت پر رہا کیا جائے۔
لاہور ہائی کورٹ کا دو رکنی بینچ مریم نواز کی درخواست پر سماعت کرے گا۔