لاہور: (روزنامہ دنیا) لاہور ہائیکورٹ نے مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کی اپیل پر ایف بی آر کو 30 دنوں میں فیصلہ کرنے کا حکم دے دیا۔
لاہور ہائیکورٹ کی جسٹس عائشہ اے ملک نے مریم نواز کی انکم سپورٹ لیوی ٹیکس کیخلاف درخواست پر سماعت کی جس میں نشاندہی کی گئی کہ ایف بی آر نے سال 2013ء کیلئے 12 لاکھ 57 ہزار روپے کا انکم سپورٹ لیوی ٹیکس کا نوٹس بھجوایا۔
مریم نواز کے وکیل نے بتایا کہ اس معاملے پر اپیل زیر التوا ہے لیکن حکم امتناعی کی میعادختم ہو رہی ہے، وکیل نے استدعا کی کہ حکم امتناعی کی تاریخ ختم ہونے کے بعد ٹیکس ریکوری کی کارروائی شروع ہو جائے گی۔ درخواست میں استدعا کی گئی کہ انکم سپورٹ لیوی ٹیکس کیخلاف اپیل پر جلد فیصلہ کرنے کا حکم دیا جائے اور اپیل کے حتمی فیصلے تک ایف بی آر کو ریکوری سے روکا جائے۔