لاہور: (دنیا نیوز) لاہور کی احتساب عدالت نے مریم نواز اور یوسف عباس کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔ عدالت نے نیب کی مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کر دی۔
مریم نواز اور یوسف عباس کو احتساب عدالت کے جج امیر محمد خان کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ نیب نے مریم نواز اور یوسف عباس کے جسمانی ریمانڈ میں مزید توسیع کی استدعا کی۔ نیب پراسیکیوٹر حافظ اسد نے بتایا کہ تفتیش میں مریم صفدر اور یوسف عباس کے خاندان کی جائیداد کی تقسیم کے معاہدے کا انکشاف ہوا ہے، پراسکیوٹر نیب نے بتایا کہ ایس ای سی پی ریکارڈ کے مطابق 2008ء کے مطابق 2 کروڑ 62 لاکھ شیئرز چودھر شوگر ملز کے تھے لیکن تفتیش میں 1 کروڑ 16 لاکھ 96 ہزار شیئرز کا فرق آیا ہے۔
وکیل نے مریم نواز اور یوسف عباس کے جسمانی ریمانڈ میں مزید توسیع کی مخالفت کی اور اسے بلاجواز قرار دیا۔ وکیل نے اعتراض اٹھایا کہ نیب انہیں الزامات پر مزید جسمانی ریمانڈ مانگ رہا ہے جس کو بیناد بنا کر پہلے ریمانڈ لیا گیا، اس لیے نیب کی درخواست کو مسترد کیا جائے۔ مریم نواز کی پیشی پر مسلم کے موجودہ اور سابق ارکان اسمبلی نے بھی ان سے ملاقات کی۔ مسلم لیگ نون کی نائب صدر کی احتساب عدالت پیشی کے موقع پر سخت سیکیورٹی کے انتظامات کیے گئے۔