چوہدری شوگر ملز کیس: مریم اور یوسف کے ریمانڈ میں مزید 14 روز کی توسیع

Last Updated On 04 September,2019 02:12 pm

لاہور: (دنیا نیوز) احتساب عدالت نے چوہدری شوگر ملز کیس میں مریم نواز اور یوسف عباس کے جسمانی ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع کر دی۔

 احتساب عدالت کے جج چودھری امیر خان نے سماعت کی۔ مریم نواز کو سخت سکیورٹی میں عدالت پیش کیا گیا۔ لیگی وکلاء اور پولیس کے درمیان دھکم پیل ہوئی جس سے احتساب عدالت کا دروازہ ٹوٹ گیا۔ نیب کے تفتیشی افسر نے مریم نواز کے مزید 15 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔

نیب پراسیکیوٹر نے موقف اختیار کیا کہ چودھری شوگر ملز کیس میں بیرون ملک پیسے بھیجنے کے متعلق تحقیقات کر رہے ہیں، کمپنی سیکرٹری اور سی ایف او نے شیئرز منتقلی کا ریکارڈ موجود نہ ہونے کا بیان دیا ہے، چودھری شوگر ملز کے قائم ہونے کے دوران اس کا فنڈ 70 کروڑ روپے تھا، مزید 40 کروڑ روپے آنے سے متعلق نہیں بتایا گیا۔

مریم نواز کے وکیل نے جسمانی ریمانڈ کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ نیب پہلے دن سے ایک ہی نوعیت کے الزامات لگا کر بلا جواز جسمانی ریمانڈ لے رہا ہے، خاتون ملزمہ ہونے کی بنیاد پر مریم نواز کیساتھ بہتر سلوک نہیں کیا جا رہا، جس پر عدالت نے مریم نواز سے استفسار کیا کہ آپ کی اٹینڈنٹ خاتون ہے جس پر مریم نواز نے بتایا کہ سب جیل میں خاتون ہی مجھے اٹینڈ کرتی ہے۔

عدالت نے دلائل مکمل ہونے پر مریم نواز اور یوسف عباس کے جسمانی ریمانڈ میں 18 ستمبر تک توسیع کر دی۔

 

Advertisement