لاہور: (دنیا نیوز) احتساب عدالت نے چودھری شوگر ملز کے ذریعے منی لانڈرنگ کے الزام میں مریم نواز اور یوسف عباس کے جسمانی ریمانڈ میں مزید 14 روز کی توسیع کر دی اور انہیں 4 ستمبر کو دوبارہ احتساب عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
احتساب عدالت میں چودھری شوگر زملز کیس کی سماعت ہوئی۔ نیب نے مریم نواز اور یوسف عباس کو جسمانی ریمانڈ ختم ہونے پر عدالت میں پیش کیا۔ نیب نے عدالت سے استدعا کی کہ مریم نواز اور یوسف عباس سے منی لانڈرنگ کے الزام کی تحقیقات کرنے کیلئے مزید وقت چاہیے، اس لیے دونوں ملزموں کا جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔
مریم نواز کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ منی لانڈرنگ کے الزام میں پہلے بھی تحقیقات ہوئی اس لیے ایک الزام میں بار بار تفتیش نہیں ہوسکتی ایسا کرنا آئین اور قانون کے منافی ہے۔ عدالت نے مختصر سماعت کے بعد مریم نواز اور یوسف عباس کے جسمانی ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع کر دی۔ عدالت نے مریم نواز اور یوسف عباس کو تفتیش کیلئے نیب کی تحول میں دے دیا۔
دوسری جانب مریم نواز اور یوسف عباس کی پیشی کے موقع پر غیر معمولی سیکیورٹی کے انتظامات کیے گئے، کارکنوں اور پولیس کے ساتھ بد ظنی دیکھنے میں آئی جبکہ کیپٹن صفدر نے پولیس اہلکاروں سے ڈنڈا چھین کر کارکنوں کو چھڑوا لیا۔ جوڈیشل کمپلیکس کو جانے والے راستوں کو کنٹینرز اور رکاوٹیں کھڑی کر کے بند کر دیا۔