لاہور: (دنیا نیوز) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور مسلم لیگ ن کے صدر میاں محمد شہباز شریف نے کوٹ لکھپت میں جیل میں اپنے بڑے بھائی اور سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف سے ملاقات کی۔
دنیا نیوز کے مطابق دونوں بھائیوں کے درمیان ملاقات دو گھنٹے سے زائد جاری رہی۔ میاں برادران نے دوپہر کا کھانا بھی مل کر کھایا۔ اس دوران شہباز شریف نے میاں نواز شریف سے عید بھی ملی۔
ذرائع کے مطابق سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے ملاقات کے دوران اپنے بھائی کو گزشتہ روز مریم نواز اور حمزہ شہباز سے ہونے والی ملاقات کے حوالے سے آگاہ کیا۔ ملاقات میں ملکی موجودہ سیاسی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے مسلم لیگ ن کے صدر کو ہدایت دی کہ سیاسی صورتحال پر نظر رکھی جائے اور پارٹی کارکنان کو متحرک کیا جائے۔