چودھری شوگر ملز کیس: مریم نواز کوٹ لکھپت جیل کے باہر سے گرفتار

Last Updated On 08 August,2019 10:54 pm

لاہور: (دنیا نیوز) نیب نے چودھری شوگر ملز کیس کی تحقیقات میں مریم نوازکو گرفتار کر لیا۔ نواز شریف کے بھتیجے یوسف عباس بھی زیرحراست ہیں، دونوں کو کل احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

 نیب حکام کے مطابق مریم نواز سے شوگر ملز کے شئیرز کی خریداری کے لیے فنڈز کا ریکارڈ طلب کیا گیا تھا لیکن مریم نواز شئیرز کی خریداری کے لیے ذرائع آمدن بتانے میں ناکام رہیں۔ نیب کے مطابق تین غیر ملکیوں نے مریم نواز کے نام پر 11 ملین شئیرز ٹرانسفر کیے تاہم مریم نواز غیر ملکیوں کی سرمایہ کاری کا ریکارڈ دینے میں ناکام رہیں۔

نیب حکام کے مطابق مریم نواز بیرون ملک سے وصول 7 کروڑ کی ٹی ٹیز کا ریکارڈ بھی نہ دے سکیں، 1496 کنال زمین کا بھی ذریعہ آمدن بتانے میں ناکام رہیں، چودھری شوگر ملز کے 70 لاکھ شئیرز منتقلی کا ریکارڈ بھی نہ دےسکیں، 70 لاکھ شئیرز یوسف عباس شریف کے ذریعے ناصر عبداللہ کو منتقل کیے۔ نیب حکام کے ممطابق ناصر عبداللہ نے تمام شئیرز حسین نواز کو دوبارہ منتقل کر دیئے۔

 ادھر مریم نواز کا طبی معائنہ مکمل کر لیا گیا جس میں ان کے تمام ٹیسٹ کلیئر قرار دے دیئے گئے، نیب نے مریم نواز کو جیل منتقل کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ نیب نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے بھتیجے یوسف عباس کو بھی گرفتار کر لیا۔

نیب لاہور میں قائم ڈے کیئر سینٹر کو مریم نواز کیلئے سب جیل قرار دیتے ہوئے ویمن پولیس پنجاب کو بھی فوری طور پر طلب کر لیا گیا ہے۔ نیب ذرائع کے مطابق سب جیل میں مکمل طور پر خواتین اہلکار اور خواتین نیب سٹاف کی تعیناتی کے احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں۔ سب جیل کی سیکیورٹی پر بھی پنجاب کی ویمن پولیس اہلکاروں کو تعینات رکھے جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔