لاہور: (دنیا نیوز) نیب لاہور میں قائم ڈے کیئر سینٹر کو مریم نواز کیلئے سب جیل قرار دیتے ہوئے ویمن پولیس پنجاب کو بھی فوری طور پر طلب کر لیا گیا ہے۔
نیب ذرائع کے مطابق سب جیل میں مکمل طور پر خواتین اہلکار اور خواتین نیب سٹاف کی تعیناتی کے احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں۔ سب جیل کی سیکیورٹی پر بھی پنجاب کی ویمن پولیس اہلکاروں کو تعینات رکھے جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ نیب نے چودھری شوگر ملز کیس کی تحقیقات میں مریم نواز کو گرفتار کر لیا ہے۔ مریم نواز سے شوگر ملز کے شئیرز کی خریداری کے لیے فنڈز کا ریکارڈ طلب کیا گیا تھا لیکن وہ ذرائع آمدن بتانے میں ناکام رہیں۔
نیب کے مطابق تین غیر ملکیوں نے مریم نواز کے نام پر 11 ملین شئیرز ٹرانسفر کیے تھے۔ نیب حکام کا کہنا ہے کہ مریم نواز بیرون ملک سے وصول 7 کروڑ کی ٹی ٹیز کا ریکارڈ بھی نہ دے سکیں، 1496 کنال زمین کا بھی ذریعہ آمدن بتانے میں ناکام رہیں اور چودھری شوگر ملز کے 70 لاکھ شئیرز منتقلی کا ریکارڈ بھی نہ دے سکیں۔