لاہور: (دنیا نیوز) مریم نواز نے منی لانڈرنگ کیس میں نیب کے ذریعے گرفتاری کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا، ضمانت پر رہائی کیلئے درخواست دائر کر دی۔
چوہدری شوگر ملز انکوائری میں گرفتار نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کے درخواست ضمانت میں چیئرمین نیب سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ نیب نے سیاسی انتقام کا نشانہ بناتے ہوئے گرفتار کیا، تین بار منتخب ہونے والے وزیراعظم نواز شریف نے ملکی ترقی کیلئے بہت اقدامات کئے، مگر حکومت سیاسی مخالفت پر ان کے خلاف اقدامات کر رہی ہے۔
مریم نواز نے درخواست ضمانت میں کہا ہے کہ نیب کے قانون کو غلط استعمال کر کے گرفتار کیا گیا، پانامہ لیکس کیس میں تمام جائیدادیں اور اثاثے ڈکلیئر کر رکھے ہیں، لہذا درخواست کے حتمی فیصلے تک عبوری ضمانت پر رہا کیا جائے اور چودھری شوگر ملز ریفرنس منی لانڈرنگ کیس میں ضمانت منظور کی جائے۔ لاہور ہائی کا 2 رکنی بنچ مریم نواز کی درخواست پر سماعت کرے گا۔