لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے لیڈی ہیلتھ ورکرز سمیت محکمہ صحت کے دیگر ملازمین کو ایک ماہ میں مستقل کرنے کا حکم دے دیا۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس ساجد محمود سیٹھی نے درخواستوں پر سماعت کی، درخواستگزاروں کی جانب سے ملک اویس خالد ایڈووکیٹ پیش ہوئے اور موقف اختیار کیا کہ درخواستگزار محکمہ صحت میں کافی عرصے سے کنٹریکٹ پر کام کر رہے ہیں، حکام کو درخواستیں دینے کے باوجود مستقل نہیں کیا جا رہا، عدالتی حکم پر کئی ملازمین مستقل کیےجا چکے ہیں جبکہ درخواستگزاروں کو مستقل نہ کرنا اُن سے امتیازی سلوک ہے۔ درخواستگزاروں نے استدعا کی کہ عدالت انہیں مستقل کرنے کا حکم دے۔
اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کا کہنا تھا کہ درخواستگزار مستقل ہونے کی اہلیت پر پورا نہیں اُترتے۔ عدالت نے دلائل سننے کے بعد درخواستگزاروں کو مستقل کرنے کا حکم دیتے ہوئے پٹیشن نمٹا دی۔ عدالت نے سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کو ایک ماہ میں ملازمین کومستقل کر کےعملدرآمد رپورٹ پیش کرنے کا حکم بھی دیا۔