علی پور چٹھہ: (دنیا نیوز) علی پور چٹھہ میں گھر کی تقسیم میں زیادہ حصہ مانگنے پر تہرے قتل کی واردات، دیور نے فائرنگ کر کے اپنی دو بھابھیوں کو قتل کر دیا۔ مقتولہ نادیہ 5 ماہ کی حاملہ تھی، ملزم موقع واردات سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا، پولیس تھانہ علی پور چٹھہ نے دونوں لاشوں کو تحویل میں لے کر تفتیش شروع کر دی ہے۔
علی پور چٹھہ کے محلہ حیدرآباد کے رہائشی علی شیر کے بیٹے ذیشان حیدر کا اپنے باپ کے ساتھ گھر کی تقسیم میں زیادہ حصہ مانگنے پر جھگڑا چل رہا تھا، گزشتہ روز علی شیر نے اپنے بیٹے ذیشان کو اس کے حصے کی رقم ایک لاکھ روپے دی جبکہ ملزم زیادہ رقم کا تقاضا کر رہا تھا۔
آج بھی اسی بات پر جھگڑا شروع ہوا جو طوالت اختیار کر گیا، اسی دوران ذیشان نے طیش میں آ کر فائرنگ شروع کر دی جس کی زد میں آ کر ملزم کی دو بھابھیاں 40 سالہ یاسمین اور 32 سالہ نادیہ بی بی شدید زخمی ہو گئیں جنہیں سول ہسپتال علی پور چٹھہ منتقل کیا جا رہا تھا کہ دونوں رستے میں ہی جان کی بازی ہار گئیں۔ قتل ہونے والی مقتولہ نادیہ 5 ماہ کی حاملہ اور دو بچوں کی ماں تھی جبکہ مقتولہ یاسمین کے چار بچے ہیں۔
ملزم موقع واردات سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا، پولیس تھانہ علی پور چٹھہ نے نعشوں کو تحویل میں لے کر تہرے قتل کا مقدمہ درج کر لیا ہے، واقعہ کے بعد علاقہ میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ قتل پر ہر آنکھ اشک بار ہے، قتل ہونے والے دونوں خواتین کے شوہر محنت مزدوری کرتے ہیں۔