اسلام آباد: (دنیا نیوز) جج ارشد ملک ویڈیو کیس میں اہم پیش رفت، انسداد دہشت گردی عدالت منتقل کر دیا گیا۔ کیس منتقلی کا حکم سیشن جج اسلام آباد نے دیا۔
جج ارشد ملک ویڈیو کیس کی سماعت سیشن عدالت اسلام آباد میں ہوئی، سماعت کے دوران تفتیشی افسر نے عدالت کے روبرو موقف اختیار کیا کہ ملزمان حمزہ عارف بٹ اور فیصل شاہین ہیں۔ فاضل جج نے اسفتسار کیا کہ آپ کی اس سے پہلے جو درخواست تھی وہ کیا تھی۔ جس پر تفتیشی نے کہا کہ اس میں بھی یہی ملزمان تھے۔
ملزمان کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ دہشتگردی دفعات ارشد ملک کیس پر نہیں لگ سکتیں، جس پر فاضل جج نے ریمارکس دئیے کہ مقدمہ میں دہشتگردی کی دفعہ لگا دی گئی ہے تو اب اسے دہشتگردی کی عدالت میں پیش کریں۔