اسلام آباد: (دنیا نیوز) چھ اور سات اکتوبر کو سرحد پار سے چری کوٹ سیکٹر میں فائرنگ سے خاتون شہید اور تین شہری زخمی ہوئے تھے۔ بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کرکے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا گیا۔
پاکستان نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کرکے کہا ہے کہ بھارت جنگ بندی معاہدے کی پاسداری کرے اور بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانے سے باز رہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو کہا گیا ہے کہ بھارتی فوج جان بوجھ کر لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر سویلین آبادی کو بھاری ہتھیاروں سے نشانہ بنا رہی ہے۔ بھارتی اشتعال انگیزی سے خطے کے امن اور سلامتی کو سنگین خطرات لاحق ہیں۔ بھارت جنگ بندی معاہدے کی پاسداری کرے اور بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانے سے باز رہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ قابض بھارتی افواج نے 6 اور 7 اکتوبر کو چری کوٹ سیکٹر میں بلا اشتعال فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 69 سالہ نذیراں بی بی شہید جبکہ تین شہری زخمی ہوئے تھے۔