اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان نے ایل او سی پر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی پر بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کر کے شدید احتجاج کیا گیا۔
دنیا نیوز کے مطابق پاکستان نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی پر بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر آہلو والیا کو دفتر خارجہ طلب کر کے شدید احتجاج کیا گیا اور احتجاجی مراسلہ ان کے حوالے کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کے مطابق 6 ستمبر کو بھارت کی جانب سے کھوئی رٹہ سیکٹر میں جان بوجھ کر پرامن ریلی کے شرکا کو نشانہ بنایا گیا۔ یہ سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی ہے۔
ڈی جی جنوبی ایشیا ڈاکٹر محمد فیصل نے احتجاجی مراسلہ بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کے حوالے کرتے ہوئے کہا کہ شہری آبادی کو نشانہ بنانا عالمی قوانین اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ بھارت ایل او سی اور ورکنگ باؤنڈری پر مسلسل معصوم شہریوں کو نشانہ بنا رہا ہے۔
یاد رہے کہ 6 ستمبر کو امن ریلی پر بھارتی فائرنگ کے کے نتیجے میں 4 شہری شدید زخمی ہو گئے تھے۔