اسلام آباد: (دنیا نیوز) جے یو آئی (ف) نے ڈی چوک پر آزادی مارچ کیلئے درخواست دے دی، مولانا عبدالغفور حیدری کی جانب سے چیف کمشنر اسلام کو درخواست جمع کروائی گئی۔
جے یو آئی (ف) کی جانب سے 27 اکتوبر کو ڈی چوک میں آزادی مارچ کیلئے درخواست میں کہا گیا ہے کہ جمیعت علمائے اسلام آزادی مارچ نکالنے کا جمہوری اور آئینی حق رکھتی ہے۔ امیر جے یو آئی مولانا فضل الرحمن کی زیرقیادت مارچ میں کارکنان کی بڑی تعداد شامل ہوگی، ڈی چوک میں آزادی مارچ کے شرکاء کی سیکورٹی کے لئے ضروری اقدامات کئے جائیں۔
واضح رہے کہ حکومت کی جانب سے جے یو آئی کے آزادی مارچ کی بھرپور مخالفت کی جارہی ہے جبکہ اپوزیشن جماعتیں پیپلز پارٹی اور ن لیگ آزادی مارچ کی سیاسی و اخلاقی حمایت کر رہی ہیں۔