پشاور: (دنیا نیوز) جے یو آئی (ف) نے آزادی مارچ سے متعلق پالیسی واضح کر دی، پارٹی رہنما مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ اٹھارہ سال سے کم عمر افراد آزادی مارچ میں شامل نہیں ہوں گے، تحریک کو کوئی نہیں روک سکتا، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا بیان چھوٹا منہ بڑی بات ہے۔
جے یو آئی (ف) کے مرکزی رہنما عبدالغفور حیدری نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قوم کو سلیکٹڈ حکومت سے نجات دلانا چاہتےہیں، دھرنا کتنے روز کا ہوگا یہ ابھی بتانا قبل از وقت ہوگا۔ اگر ملک میں آئین بحال اور جمہوریت ہے تو ہم اپنا جمہوری حق استعمال کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کارکن 27 اکتوبر کو گھروں سے نکلیں اور کشمیریوں سے یکجہتی کریں، مصافحت کا خیال رکھتے ہوئے کارکن واپس نہ جائیں، اسلام آباد کی طرف آئیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈی چوک پر دھرنے کا انتخاب کیا ہے، وہاں سب انتظامات مکمل ہیں۔ ہمارے کارکنوں کو ریاستی ادارے تنگ کر رہے ہیں، خوف زدہ کیا جارہا ہے، کارکنان نے دباؤ کو مسترد کردیا۔