اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان دورہ چین کے بعد وطن واپس پہنچ گئے، چین کے نائب وزیرخارجہ اور اعلیٰ حکام نے انہیں الوداع کیا، چین کی تینوں مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے انہیں سلامی دی۔
مشترکہ اعلامیہ کے مطابق چینی قیادت نے مسئلہ کشمیر کو تاریخ کا ادھورا چھوڑا ہوا تنازع قرار دیا اور کہا مقبوضہ وادی کی صورتحال پر گہری نظر ہے، خطے میں موجود فریقین ہاہمی تنازعات برابری کی بنیاد پر مذاکرات کے ذریعے حل کریں۔ چین نے افغان امن عمل میں پاکستان کے کردار کو سراہا، دونوں ممالک نے اتفاق کیا کہ افغانستان تنازع کا کوئی فوجی حل نہیں۔
پاکستان اور چین نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بین الاقوامی تعاون پر زور دیا۔ چینی قیادت نے دہشتگردی کے خلاف پاکستان کی قربانیوں کی تعریف کی اور عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ ہشتگردی کے خلاف جنگ اور خطے کے امن کے لیے پاکستانی کوششوں کا اعتراف کرے۔
پاکستان اور چین کے درمیان متعدد معاہدوں اور ایم او یوز پر بھی دستخط ہوئے، فریقین نے مشترکہ اقتصادی اور تجارتی کمیشن سے بھر پور فائدہ اٹھانے اور باہمی مفادات پر ایک دوسرے کی حمایت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
اس سے پہلے وزیراعظم عمران خان نے چینی صدر شی جن پنگ سے اہم ملاقات کی، وفود کی سطح پر مذاکرات بھی ہوئے، مذاکرات میں آرمی چیف، ڈی جی آئی ایس پی آر، وزرا بھی شریک تھے۔ چینی صدر نے وزیراعظم عمران خان اور وفد کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا۔ وزیر اعظم نے چین کی نیشنل پیپلز کانگرس کے چیئرمین سے بھی ملاقات کی۔