مقبوضہ کشمیر پر پاکستان چین میں زبردست ہم آہنگی

Last Updated On 10 October,2019 09:06 am

لاہور: (دنیا نیوز) مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر پاکستان اور چین میں زبردست ہم آہنگی ہے۔

پروگرام دنیا کامران خان میں میزبان نے تجزیہ کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کے حوالے سے خطے میں ہلچل نظر آرہی ہے، دنیا کے اہم دارالحکومتوں میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر بات ہو رہی ہے، وادی میں بھارتی ظلم و ستم پوری دنیا کی توجہ اپنی جانب مرکوز کر چکا ہے، عالمی میڈیا روزانہ اس صورتحال کے بارے میں مضامین اور اداریے شائع کر رہا ہے۔ اسی پس منظر میں وزیر اعظم عمران خان کا دورہ چین ہوا، دونوں ملکوں میں کشمیر کے معاملے پر زبردست ہم آہنگی نظر آئی۔ چین کی سول اور ملٹری قیادت نے ایک بار پھر اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے اور اس کی قراردادوں پر من و عن عمل کیا جائے۔ وزیر اعظم کے دورہ چین کی سب سے بڑی اہمیت یہ ہے کہ یہ دورہ چینی صدر کے دورہ بھارت سے ذرا پہلے ہو رہا، چین کے اس بیان پر بھارت نے فوری ردعمل دیا اور کشمیر کو اٹوٹ انگ قرار دیا۔

وزیر ریلوے شیخ رشید بھی اس دورے میں وزیر اعظم کے وفد میں شامل تھے۔ شیخ رشید نے اس دورے کے حوالے سے پروگرام میں بیجنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا دورہ چین میں وزیراعظم عمران خان کی تقریر کا محور کشمیر تھا، انہوں نے چینی قیادت کو کشمیر کی صورتحال سے آگاہ کیا۔ آرمی چیف اور وزیراعظم کی الگ الگ ملاقاتیں ہونی تھیں لیکن چینی قیادت نے پاکستان کی سول اور عسکری قیادت ایک ساتھ بٹھا کر ملاقات کی، ایم ایل ون منصوبہ طے ہو گیا ہے، جس پر تمام پاکستانی قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

سابق وزیر خارجہ خورشید محمود قصوری نے کہا وزیر اعظم عمران خان کے دورے کی خاص بات یہ ہے کہ چینی فوج کی جانب سے بھی بیان جاری کیا گیا ہے، چینی فوج نے کشمیر کے معاملہ کو اصولی معاملہ کہا ہے اور ایسا ہوتا نہیں کہ فوج کی جانب سے بھی بیان آئے۔
 

Advertisement