وزیراعلی سندھ کا کراچی کے مختلف علاقوں‌ کا دورہ، کچرا پھینکنے والوں‌ کیخلاف کارروائی کی ہدایت

Last Updated On 13 October,2019 12:38 pm

کراچی: (دنیا نیوز) سندھ سرکار کی صفائی مہم سے بھی ضلع کورنگی اور شرقی سے کچرے اور ملبہ کے ڈھیر ختم نہ ہو سکے۔ حکومتی مانیٹرنگ ٹیم کی غیرفعالیت اور سرکاری افسران کے ٹھنڈے کمروں سے باہر نہ نکلنے کے باعث صفائی مہم نمائشی اقدامات تک محدود، رہائشی علاقے گندگی و تعفن کی زد میں ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کراچی کے مختلف علاقوں کا دورہ، الیکٹرانک مارکیٹ میں کچرے پر اظہار برہمی، کمشنر کو کچرا پھینکنے والوں کیخلاف کارروائی کی ہدایت کر دی۔

کلین کراچی مہم کے ثمرات کورنگی تک نہ پہنچ سکے، صفائی مہم کو بائیس روز گزر گئے مگر ضلع کورنگی میں سڑکیں، فٹ پاتھ، گرین بیلٹ، سروس روڈ، پارک، کھیل کے میدان، صحت کے مراکز، عوامی مقامات اور رہائشی علاقے کچرے اور ملبے کی زد میں نظر آتے ہیں۔وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور کچرا پھینکنے والوں کے خلاف کارروائی کا حکم دیا۔


بیک لاگ اٹھا نہ ہی معمول کا کچرا اٹھانے اور ٹھکانے لگانے انتظام کیا جاسکا، حکومتی مانیٹرنگ کمیٹی کہیں فعال نظرآئی نہ ہی سرکاری افسران ٹھنڈے کمروں سے نکلے مہم کے نتائج کیسے نظر آتے لیکن دعوے اب بھی ختم نہیں ہو رہے۔

ضلع شرقی میں بھی کچرے کے ڈھیر جابجا موجود ہیں اور رہائشی دہائیاں دے رہے ہیں، دعوے توکیے گئے لیکن مہم کےدوران ٹوٹی پھوٹی سڑکوں اور سیوریج مسائل پر بھی کوئی توجہ نہیں دی گئی۔