اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کے دو نئے ارکان کی تقرری کا معاملہ پارلیمنٹ کو بھجوانے کا حکم دیتے ہوئے معاملہ نمٹا دیا۔ چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ سپیکر اور چیئرمین کو الیکشن کمیشن غیر فعال ہونے سے روکیں۔
چیف جسٹس اطہر من اللہ کا کہنا تھا کہ عدالت اس حوالے سے تحریری حکم جاری کرے گی، کیا پارلیمنٹ اتنا چھوٹا معاملہ بھی حل نہیں کرسکتی، کیا وفاقی حکومت ابھی تک ڈیڈ لاک کا دفاع کرنا چاہتی ہے، ہمیں پارلیمنٹ پر اعتماد ہے وہ اس معاملے کو حل کرے گی، آئینی اداروں کو غیر فعال نہیں ہونا چاہیے، کیا حکومت یہ چاہتی ہے؟۔
وفاق کی جانب سے سپریم کورٹ کے فیصلے تک سماعت روکنے کی استدعا پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ یہ مفاد عامہ کا معاملہ ہے، الیکشن کمیشن تقریباً غیر فعال ہوچکا، کیا صرف سپریم کورٹ میں زیر التوا ہونے کی وجہ سے کیس پر سماعت روکی جاسکتی ہے، ایڈیشنل اٹارنی جنرل کا کہنا تھا کہ اس معاملہ پر انہیں حکومت سے ہدایات لینے کی اجازت دی جائے۔