آصف زرداری کو جیل میں سہولیات دینے سے متعلق درخواست پر فیصلہ محفوظ

Last Updated On 14 October,2019 02:26 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) احتساب عدالت نے آصف زرداری کو جیل میں سہولیات دینے سے متعلق درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

 جج محمد بشیر نے آصف زرداری کو جیل میں سہولیات سے متعلق درخواست پر سماعت کی۔ لطیف کھوسہ نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ میڈیکل رپورٹ میں آصف زرداری کوجیل میں اے سی، فریج اورایٹنڈنٹ فراہم کرنے کا کہا گیا، میڈیکل بورڈ نے دل کی تکلیف ہونے کے باعث آصف زرداری کو پمز ہسپتال منتقل کرنے کا بھی کہا، آصف علی زرداری نے عدالت میں بتایا تھا کہ طبعیت بگڑنے پر ڈیڑھ گھنٹہ ہسپتال شفٹ کرنے میں لگ جائینگے۔

لطیف کھوسہ نے مزید کہا کہ آصف زرداری کی جان کو خطرہ ہے، ضیا الحق سے بھی معافی نہیں مانگی تھی، آصف زرداری صرف قانونی و عدالتی حق لینا چاہتے ہیں۔ لطیف کھوسہ نے جیل میں ذاتی اٹینڈینٹ ساتھ رکھنے کی استدعا بھی کی۔ جج محمد بشیر نے کہا کہ جیل میں کیسے پرائیویٹ فرد کو رکھا جا سکتا ہے۔ لطیف کھوسہ نے کہا کہ پرائیویٹ شخص باہر کیمپ میں رہیں گے، عدالت نے دلائل سننے کے بعد درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔