کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے شہری تیار ہوجائیں پانی محفوظ کرلیں، واٹر بورڈ نے مرمت کے نام پر بدھ کے روز دھابیجی پمپنگ اسٹیشن کو 16 گھنٹے کے لیے بند کرنے کا اعلان کردیا۔
13 پمپس سے شہر کو پانی کی فراہمی بند رہے گی۔ ترجمان واٹربورڈ رضوان حیدر کے مطابق کراچی کو پانی کی فراہمی بہتر بنانے کے لیے پمپنگ سٹیشن پر مختلف امور سرانجام دیئے جائیں گے، ساتھ ہی کے الیکٹرک کی جانب سے بھی گرڈ اسٹیشن کے مرمتی کام مکمل کیے جائیں گے۔
ترجمان نے واضح کیا کہ باقی 8 پمپمنگ سٹیشنوں سے پانی کی فراہمی بحال رہے گی جبکہ مکمل طور پر پانی کی فراہمی بحال ہونے میں دو دن لگ سکتے ہیں۔ ایم ڈی واٹر بورڈ اسداللہ خان نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ پانی کا ذخیرہ کرلیں تاکہ کسی بھی ممکنہ پریشانی سے بچا جاسکے۔