اسلام آباد: (دنیا نیوز) ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق ایف اے ٹی ایف حکام کیساتھ دو روزہ مذاکرات میں پاکستان کی کارکردگی متاثر کن تھی۔
ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق پاکستان نے ایف اے ٹی ایف رکن ممالک کے سوالات کے بھرپور جوابات دیئے ہیں۔ چین، ترکی، ملائیشیا، انڈونیشیا نے پاکستان کی حمایت کی جبکہ ایشیا پیسفک گروپ کے رکن ممالک پاکستان سے مطمئن ہیں۔
پاکستانی حکام نے عالمی حکام کو یقین دہانی کرائی کہ پاکستان ایف اے ٹی ایف کے تمام اہداف پر عمل پیرا ہے۔ اینٹی منی لانڈرنگ کے قوانین بین الاقوامی معیار کے مطابق کیے گئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کے 90 فی صد اہداف پر پیش رفت ہوئی۔ پاکستان نے دہشت گردوں کی فنڈنگ کی بھرپور روک تھام کی۔ دہشتگردوں کی فنڈنگ روکنے کے باعث دہشتگردی کے واقعات کم ہوئے۔