لاہور: (دنیا نیوز) میزبان 'دنیا کامران خان کے ساتھ' کا کہنا ہے کہ پاکستان میں سیاستدانوں کی تقدیر جس انداز سے بدلتی ہے اس کی دنیا میں کہیں نظیر نہیں ملتی، ماضی میں برسوں اقتدار کی مسند پر بیٹھنے والے آج سلاخوں کے پیچھے پہنچ چکے ہیں، یہ پہلی بار نہیں ہے، آصف زرداری 2008 سے 2013 تک صدر پاکستان تھے اور نواز شریف 2013 سے 2017 تک وزیر اعظم تھے، وہ کبھی ایوان صدر اور کبھی وزیر اعظم ہاؤس کو رونق بخشتے تھے آج کل یہ دونوں حضرات قید خانوں کے مکین ہیں، ایک کوٹ لکھپت جیل کا مہمان ہے اور ایک اڈیالہ جیل کا۔ جو کبھی محافظوں کے پروٹوکول میں گھرے نظر آتے تھے اب عدالتوں میں پیشیوں کے موقع پر ہجوم میں دھکے کھاتے نظر آتے ہیں۔
منگل اسی حوالے سے ان دونوں کے لئے بہت اہم دن تھا۔ نواز شریف اور آصف علی زرداری کیلئے یہ بہت مشکل گھڑی ہے اور ان کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو رہا ہے، اسلام آباد کی احتساب عدالت میں آصف زرداری کی جیل سے ہسپتال منتقل کرنے کی درخواست مسترد کر دی گئی جبکہ لاہور میں نیب کی حراست میں نواز شریف سے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے نئی تحقیقات کا آغاز کر دیا۔ چودھری شوگر ملز کیس میں نیب نے نواز شریف سے سخت پوچھ گچھ کی اس کیس میں نواز شریف کی صاحبزادی پہلے ہی گرفتار ہیں۔ احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے آصف زرداری کی درخواست پر کل محفوظ کیا گیا فیصلہ سنا دیا اور قرار دیا کہ عدالت کے پاس ہسپتال کو سب جیل قرار دینے کا اختیار نہیں، جیل حکام ایگزیکٹو آرڈر کے ذریعے ہسپتال کو سب جیل قرار دے سکتے ہیں اس کے لئے ملزم آصف علی زرداری کو متعلقہ پلیٹ فارم سے رجوع کرنا چاہئے۔
نیب نے احتساب عدالت میں بتایا آصف زرداری کے خلاف کرپشن کیس پارک لین میں ایس ای سی پی کے سابق ایگزیکٹو ڈائریکٹر جاوید حسین وعدہ معاف گواہ بن گئے ہیں۔ یہ بڑی اہم پیش رفت ہے، پارک لین کیس میں آصف زرداری ملزم ہیں، ان پر الزامات ہیں کہ انہوں نے اس سلسلے میں اپنی صدارتی پوزیشن کو استعمال کیا، ایس ای سی پی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کا ان کے خلاف وعدہ معاف گواہ بننا ایک بڑی پیش رفت ہے۔ دوسری جانب نیب کہتا ہے کہ ان کے خلاف ایک اور ریفرنس تیاری کے آخری مراحل میں ہے اور مجید غنی، انور مجید، اے جی مجید، کے خلاف کئی دیگر ریفرنس تیاری کے بالکل قریب ہیں۔
دوسری جانب نواز شریف کا معاملہ ہے جو چودھری شوگر ملز کیس میں اب نیب کی گرفت میں ہیں۔ نیب نے نواز شریف سے پہلی پوچھ گچھ کی ہے ۔میزبان کہتے ہیں سابق صدر آصف زرداری اور سابق وزیر اعظم نواز شریف کے لئے بہت مشکل گھڑی ہے اور دونوں شخصیات کے لئے مشکلات میں اضافہ ہوتا چلا جا رہا ہے۔