لاہور: (دنیا نیوز) سابق وزیراعظم نواز شریف کے واضح موقف کے بعد شہباز شریف کی زیر صدارت اہم بیٹھک جاری ہے، فضل الرحمان کے آزادی مارچ پر مشاورت ہوگی۔
مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کی زیر صدارت پارٹی کی اعلی سطح مشاورت ماڈل ٹاون لاہورمیں جاری ہے، اجلاس میں احسن اقبال، مریم اورنگزیب، رانا تنویر، شاہ محمد شاہ، برجیس طاہر، رانا مشہود، حنیف عباسی، امیر مقام، پرویز ملک، عبدالقادر بلوچ سمیت دیگر رہنما شریک ہیں۔
نواز شریف کے خط کے تناظر میں آزادی مارچ کے لئے لائحہ عمل طے ہوگا، شہباز شریف مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کے خط کے مندرجات سے پارٹی کے رہنماوں کو آگاہ کریں گے۔ نواز شریف نے مارچ کے حوالے سے جو ہدایات دی ہیں اس پر عملدرآمد کا پلان بنایا جائے گا، نواز شریف کی جانب سے مارچ میں شرکت اور حمایت کے اعلان کے بعد مسلم لیگ ن متحرک ہوگئی ہے۔
ذرائع کے مطابق نواز شریف کی طرف سے لکھے گئے خط میں واضح طور پر پارٹی کو ہدایت کی گئی ہے کہ مولانا فضل الرحمن کا ساتھ نہیں چھوڑنا اور حکومت مخالف احتجاج میں بھرپور شرکت کرنی ہے۔