اسلام آباد: (دنیا نیوز) جے یو آئی (ف) کے ممکنہ آزادی مارچ کے بعد وفاقی دارالحکومت کی پولیس حکام کا کہنا ہے کہ کسی بھی جتھے، لشکر یا جلوس کو جڑواں شہروں میں داخلے نہیں ہونے دیا جائے گا۔ احتجاج کے نام پر قانون کو ہاتھ میں لینے والے فوری گرفتار ہوں گے۔ جڑواں شہروں کے چپےچپے پر قانون کی حکمرانی بر قرار رہے گی۔
دنیا نیوز کے مطابق جے یو آئی (ف) کے آزادی مارچ کے حوالے سے اسلام آباد پولیس نے بڑا فیصلہ کیا ہے، قیام امن کے لئے مشترکہ لائحہ عمل تیار کر لیا گیا ہے، کسی بھی جتھے، لشکر یا جلوس کے جڑواں شہروں میں داخلے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔
آئی جی اسلام آباد نے واضح کیا کہ کسی شخص یا گروہ کو کوئی سڑک بند کرنے یا شہریوں کی آزادی سلب کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ احتجاج کے نام پر قانون کو ہاتھ میں لینے والے فوری گرفتار ہوں گے۔ لاقانونیت کرنے والے جھتوں کو جڑواں شہروں میں داخل نہیں ہونے دیں گے۔
انسپکٹر جنرل پولیس عامر ذوالفقار خان کا کہنا ہے کہ محکمہ داخلہ نے امن و امان یقینی بنانے کے لیے جو ایس او پیز جاری کئے ہیں ان پر مکمل عمل درآمد کیا جائے گا اور جڑواں شہروں کے چپےچپے پر قانون کی حکمرانی بر قرار رہے گی۔۔