سکھر: (دنیا نیوز) آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں پیپلز پارٹی رہنما خورشید شاہ کے جسمانی ریمانڈ میں پندرہ روز کی توسیع دیدی گئی، نیب پراسیکیوٹر نے ریمانڈ کی مدت بڑھانے کی استدعا کی تھی۔
سماعت کے دوران این آئی سی وی ڈی کے سربراہ ڈاکٹر ندیم قمر کی نیب عدالت میں میڈیکل رپورٹ جمع کروائی گئی جس میں عدالت کو آگاہ کیا گیا کہ خورشید شاہ بیس برس سے دل کے عارضے میں مبتلا ہیں۔ ان کی زندگی کو خطرہ ہے، خورشید شاہ کو سانس لینے سمیت بلڈ پریشر کا مسئلہ بھی درپیش ہے۔ رپورٹ میں استدعا کی گئی کہ انہیں فوری طور پر علاج کے لئے این آئی سی وی ڈی منتقل کیا جائے۔ واضح رہے کہ خورشید شاہ کے وکلا کی ٹیم نے گزشتہ پیشی پر ان کے میڈیکل چیک اپ کی استدعا کی تھی۔ نیب عدالت کے حکم پر این آئی سی وی ڈی کے ڈاکٹرز کی ٹیم نے نیب آفس میں خورشید شاہ کا طبی معائنہ کیا۔
عدالت نے وکلائے طرفین کے دلائل سننے کے بعد خورشید شاہ کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کرتے ہوئے دوبارہ 4 نومبر کو پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔