’بھارتیوں کے پاس اپنے آرمی چیف کا جھوٹا دعویٰ سچ ثابت کرنیکی کوئی دلیل نہیں‘

Last Updated On 22 October,2019 08:54 am

راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے ایک بار پھر بھارتیوں پر سخت تنقید کرتے ہوئے انھیں سچ کا ساتھ دینے کی ترغیب دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے پاس اپنے آرمی چیف کے جھوٹے دعوے کو سچ ثابت کرنے کا نہ تو کوئی جواز ہے اور نہ ہی کوئی دلیل ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے بیان میں ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ اگر بھارتی ہماری پیشکش کے باوجود وہاں نہیں جانا چاہتے تو پاکستان سے ٹارگٹڈ لوکیشنز کا محل وقوع شیئر کریں۔ ہم کل غیر ملکی سفارتکاروں اور میڈیا کو ان علاقوں کا دورہ کرانے لے کر جا رہے ہیں تاکہ وہ تمام حقائق کا خود جائزہ لے سکیں۔

دوسری جانب ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ انڈین سفارتخانے نے ابھی تک ڈی جی آئی ایس پی آر کی پیشکش کا کوئی کوئی جواب نہیں دیا ہے۔ اس سے یہ صاف واضح ہو جاتا ہے کہ ان کے پاس اپنے آرمی چیف کے جھوٹے دعوے کو سچ ثابت کرنے کیلئے کوئی ثبوت ہی نہیں ہیں۔ ہمیں امید ہے کہ انڈین حکام کی جانب سے اس پیشکش کا جلد جواب دیا جائے گا۔
خیال رہے کہ پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے گزشتہ روز اپنے ٹویٹ میں کہا تھا کہ بھارتی آرمی چیف کا آزاد کشمیر میں تین مبینہ کیمپ تباہ کرنے کا دعویٰ مایوس کن ہے۔

 

یہ بھی پڑھیں: بھارتی آرمی چیف کا 3 مبینہ کیمپ تباہ کرنیکا دعویٰ مایوس کن ہے، میجر جنرل آصف غفور

انہوں نے کہا تھا کہ آزاد کشمیر میں کسی قسم کے کوئی کیمپ نہیں، یہ جھوٹے دعوے عسکری روایات کے منافی ہیں، ہم بھارتی سفارتخانے کو دعوت دیتے ہیں کہ کسی میڈیا یا سفیر کو لے جا کر دعوؤں کو ثابت کرکے دکھائے۔

میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا بھارتی فوجی قیادت مسلسل جھوٹ بول رہی ہے۔ بھارت پلواما واقعہ کے بعد بھی ایسے جھوٹے دعوے کر چکا ہے۔ بھارتی فوج کے جھوٹے دعوے علاقائی سلامتی کے لیے خطرہ ہیں۔ بھارتی فوج کی جانب سے ایسے دعوے داخلی فائدے کیلئے کیے جا رہے ہیں۔

Advertisement