لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب کے وزیر اطلاعات میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ حکومت کسی کے احتجاجی حق کو نہیں روکتی، مگر کسی کو مسلح جتھے لانے اور اداروں کے خلاف بات کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
لاہور میں صحافیوں سے گفتگو میں میاں اسلم اقبال کا کہنا تھا کہ جس وقت وزیراعظم عمران خان نے پوری دنیا کی توجہ کشمیر پر مبذول کروائی، مولانا نے اس وقت اسلام آباد میں اپنا سیاسی شو لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔
میاں اسلم اقبال نے کہا کہ مولانا کے کارکنوں کی وردیاں آر ایس ایس کے کارکنوں کی وردیوں سے ملتی ہیں۔ بھارت نے پاکستان کو ایف اے ٹی ایف کی بلیک لسٹ میں شامل کروانے کی بھرپور کوشش کی ہے۔ مولانا فضل الرحمن نے اس اہم اجلاس کے دوران پاکستان میں مسلح جتھوں کی نمائش کی۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے ذاتی معالج بہتر جانتے ہیں کہ انہیں کون سی ادویات دی گئی ہیں۔ حکومت نے انہیں ہر قسم کی طبی سہولت دینے کی بات کی ہے۔ نواز شریف نیب کی حراست میں بھی ہسپتال جانے کو تیار نہیں تھے۔ وہ اپنے بهائی شہباز شریف کے اصرار پر ہسپتال گئے۔ حکومت نواز شریف کی صحت پر سیاست نہیں کرنا چاہتی۔