سٹاک مارکیٹ میں 240 پوائنٹس کی تیزی، ڈالر 5 پیسے سستا

Last Updated On 23 October,2019 04:39 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کے تیسرے روز زبردست تیزی دیکھی گئی، حصص مارکیٹ کا 100 انڈیکس 240 پوائنٹس بڑھ گیا جبکہ اوپن مارکیٹ میں امریکی ڈالر 5 پیسے سستا ہو گیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان سٹاک مارکیٹ میں رواں ہفتے کے کاروباری تیسرے روز بھی تیزی دیکھی گئی، تیزی کے باعث 100 انڈیکس کی مزید 3 حدیں بحال ہوئیں، بحال ہونے والی نفسیاتی حدوں میں 33200، 33300، 33400 شامل ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز کاروبار کے اختتام پر سٹاک مارکیٹ کا 100 انڈیکس 114.23 پوائنٹس کی تیزی کے بعد 33198.96 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا تھا۔

ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر مارکیٹ میں انڈیکس 33639 پوائنٹس کی سطح پر پہنچا تھا، مارکیٹ میں مندی کے باعث ایک مرتبہ 100 انڈیکس 33198.96 پوائنٹس کی سطح پر پہنچا تھا، تاہم اس دوران انویسٹرز کی طرف سے دلچسپی دکھائی گئی اور انڈیکس میں بڑھی تیزی دیکھی گئی۔

پاکستان سٹاک مارکیٹ میں 240.73 پوائنٹس کی تیزی دیکھی گئی جس کے بعد حصص مارکیٹ کا 100 انڈیکس 33439.69 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا، تیزی کے باعث پورے کاروباری روز 0.72 فیصد کاروبار میں بہتری دیکھی گئی۔

معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کی طرف سے قائم کی گئی حکومتی کمیٹی کا آزادی مارچ کو سیاسی اور پر امن طریقے سے حل کرنے کے اثرات سٹاک مارکیٹ پر پڑے، اگر آزادی مارچ کے حوالے سے کوئی بریک تھرو سامنے آ جاتا ہے تو آئندہ دو کاروباری روز بھی مارکیٹ میں تیزی دیکھنے میں آ سکتی ہے جبکہ ڈیڈ لاک کی صورت میں مارکیٹ میں مندی کے اثرات غالب ہو سکتے ہیں۔

دوسری طرف اوپن مارکیٹ میں ڈالر 5 پیسے سستا ہو گیا، مارکیٹ میں امریکی کرنسی 155 روپے 95 پیسے پر پہنچ گئی ہے جبکہ انٹر بینک میں قیمت 155 روپے 90 پیسے پر مستحکم رہی۔