حکومت صوبہ بھر میں سڑکوں کا جال بچھا رہی ہے، جام کمال

Last Updated On 23 October,2019 10:33 pm

کوئٹہ: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت مواصلات کے نظام کو موثر بنانے کے لئے صوبہ بھر میں سڑکوں کا جال بچھا رہی ہے۔ معیاری اور پائیدار سڑکوں کی تعمیر سے باہمی رابطوں میں اضافہ ہوگا اور ایک واضح خوشحالی دیکھنے کو ملے گی۔

یہ بات انہوں نے نواں کلی کراس تا بلیلی بائی پاس تک 44 کلومیٹر دو رویہ زیر تکمیل سڑک کے معائنے کے موقع بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی اور مواصلات کے نظام کو بہتر بنانے کے لئے کوئٹہ شہر میں سڑکوں کی تعمیر وتوسیع کے منصوبے جاری ہیں جس سے مجموعی طور پر ٹریفک کے نظام میں بہتری آئے گی۔ سڑکوں کی تعمیر سے روزگار میں اضافہ ہوگا اور معاشی سرگرمیاں جنم لیں گی۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں وقت ضرور لگے گا لیکن حکومت ان منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنائے گی تا کہ عوام کو ان کی دہلیز پر بہتر سہولیات کی فراہمی ہو سکے۔ حکومت عملی اقدامات کرنے پر یقین رکھتی ہے اور منصوبے کی کل لاگت 2372 ملین روپے ہے۔