وزیراعظم کی ہدایت پر مریم نواز کو ملنے کی اجازت، لیگی رہنما کی والد سے ملاقات

Last Updated On 23 October,2019 11:48 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب حکومت نے وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کو والد سے ملنے کی اجازت دیدی جس کے بعد وہ سروسز ہسپتال پہنچیں۔

کوٹ لکھپت جیل کے حکام مریم نواز کو لے کر سروسز ہسپتال پہنچے جہاں انھیں میڈیکل بورڈ کی جانب سے میاں نواز شریف کی صحت کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر ڈاکٹر طاہر شمسی بھی موجود تھے جنھیں صوبائی حکومت کی درخواست پر خصوصی طور پر لاہور بلایا گیا ہے۔

ڈاکٹر طاہر شمسی نے سروسز ہسپتال میں نواز شریف کی رپورٹس کا جائزہ لیا۔ میڈیکل بورڈ کا بریفنگ میں کہنا تھا کہ وہ نواز شریف کے مرض کی تشخیص کر رہے ہیں۔ ڈاکٹر ایاز کی جانب سے مریم نواز کو ٹیسٹ رپورٹس سے متعلق آگاہ کیا گیا۔ مریم نواز شریف اپنے والد سے ملاقات کے موقع پر آبدیدہ ہو گئیں۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق مریم نواز ڈاکٹر کی بریفنگ سے مطمئن نہ ہو سکیں اور کہا کہ میرے والد کو کچھ ہوا تو حکومت پر مقدمہ  درج ہوگا۔

ادھر ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ مریم نواز کو اجازت کیسے ملی؟ اہم حقائق سامنے آ گئے ہیں۔ خبریں ہیں کہ مریم نواز کی جانب سے طبیت ناسازی کی درخواست پر محکمہ داخلہ نے انھیں فوری ہسپتال منتقل کرنے کی اجازت دی۔

 

ذرائع محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق مریم نواز کو ہسپتال میں کتنی دیر رکھنا ہے، یہ فیصلہ ڈاکٹر کی اجازت سے مشروط کر دیا گیا ہے۔ نواز شریف کے کمرے کے ساتھ والے کمرے کو تیار کر لیا گیا ہے۔