اسلام آباد: (دنیا نیوز) نواز شریف کی سزا معطلی کی درخواست اعتراض کے ساتھ سماعت کیلئے مقرر کر دی گئی، اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی اعتراضات پر سماعت کرینگے۔
شہباز شریف نے طبی بنیادوں پر نواز شریف کی سزا معطلی کی درخواست دائر کی تھی۔ رجسٹرار آفس نے اعتراض کرتے ہوئے کہا درخواست گزار شہباز شریف متاثرہ فریق نہیں۔
عدالت میں دائر درخواست میں شہباز شریف نے موقف اپنایا کہ نواز شریف کی العزیزیہ ریفرنس میں سات سال قید کی سزا کے خلاف اپیل زیر سماعت ہے اپیل کا فیصلہ ہونے تک نواز شریف کو ضمانت پر رہا کیا جائے۔
نواز شریف کی تمام میڈیکل رپورٹس کو بھی درخواست کا حصہ بنایا گیا ہے جس میں بتایا گیا کہ سابق وزیراعظم ایک درجن سے زائد جان لیوا بیماریوں میں مبتلا ہیں اور حالیہ قید کے دوران نواز شریف کی صحت خطرناک حد تک خراب ہوگئی لہٰذا نواز شریف کو پاکستان یا بیرون ملک علاج کی اجازت دی جائے۔
سابق وزیراعظم نواز شریف کے وکلاء نے اسلام آباد ہائیکورٹ کو آج ہی درخواست پر سماعت کرنے کی استدعا کر دی ہے جبکہ درخواست میں چیئرمین نیب، ڈی جی نیب لاہور، سپریٹنڈنٹ کوٹ لکھپت جیل اور ایم ایس سروسز ہسپتال کو فریق بنایا گیا ہے۔