لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے نواز شریف کی صحت بارے وزیراعظم عمران خان کے ٹویٹ کو مگرمچھ کے آنسو قرار دے دیا۔ مریم اورنگزیب کہتی ہیں کہ عمران خان کا ٹویٹ پاکستانی قوم کی جھوٹی ہمدردی حاصل کرنے کا محض ڈرامہ ہے۔
اپنے بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان سیاسی مخالفین کو سزائے موت کی چکیوں میں رکھ کے ہمدردی کے ٹویٹ کے ڈرامے نہ کریں۔ سیاسی اختلافات ایک طرف لیکن ٹویٹ جاری کرکے عمران خان ضمیر کی خلش مٹانے کی کوشش نہ کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ سچ تو یہ ہے کہ نواز شریف کو اذیت دینے اور ذہنی دباؤ کے لئے عمران خان نے مریم نواز کو دوبارہ جیل بھجوایا۔ عمران خان آج تک آپ کے کرائے کے ترجمانوں کی زہریلی جھوٹی زبان بند نہیں ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی اس حالت کے ذمہ دار آپ ہیں اور آپ کو بخوبی یہ بات معلوم ہے۔ آپ نے سیاسی انتقام میں اندھے ہو کر وہ تمام اقدامات کئے جس سے نواز شریف کی جان خطرے سے دوچار ہوئی۔