وزیراعظم سے پرویز خٹک کا ٹیلی فونک رابطہ، رہبر کمیٹی سے ملاقات پر مشاورت

Last Updated On 24 October,2019 06:11 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر دفاع پرویز خٹک نے وزیراعظم عمران خان سے ٹیلی فونک رابطے میں انھیں اپوزیشن رہبر کمیٹی سے ملاقات پر مشاورت کی۔ پرویز خٹک جی ڈی اے رہنما فہمیدہ مرزا سے ملنے بھی گئے۔

ذرائع کے مطابق حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے سربراہ نے وزیراعظم کو اپوزیشن سے اب تک کے ہونے والوں رابطوں سے آگاہ کیا اور رہبر کمیٹی سے کل باقاعدہ مذاکرات کی پہلی نشست پر بھی بات چیت کی۔

پرویز خٹک نے خیبر پختونخوا کے احتجاجی ڈاکٹروں سے ہونے والے مذاکرات پر بھی وزیراعظم کو آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے ڈاکٹروں کے مسائل حل کرنے کے لئے کمیٹی تشکیل دینے کی منظوری دے دی۔ حکومتی کمیٹی ایم کیو ایم پاکستان کے وفد سے بھی ملاقات کرے گی۔

ادھر مولانا فضل الرحمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں آزادی مارچ سے متفق ہیں۔ رہبر کمیٹی نے حکومت کیساتھ مذاکرات سے انکار نہیں کیا۔ مذاکراتی ٹیم کا لب ولہجہ مذاکرات کا نہیں تھا۔

انہوں نے بتایا کہ جمعہ کو رہبر کمیٹی حکومتی مذاکراتی ٹیم سے ملاقات کرے گی۔ جس ٹیم کے سربراہ پرویز خٹک ہوں، انجام کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔