'دنیا میں نئے پاکستان کا روشن اور ترقی کرتا چہرہ ابھر کر سامنے آرہا ہے'

Last Updated On 25 October,2019 10:52 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ دنیا میں نئے پاکستان کا روشن اور ترقی کرتا چہرہ ابھر کر سامنے آرہا ہے، ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ حکمرانوں کی جیبوں کی بجائے قومی خزانہ بھر رہا ہے۔

سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے تحت پاکستان نے کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے کے حوالے سے ورلڈ بینک کی ای او ڈی بی رینکنگ میں میں 28 درجے بہتری کی تاریخی ترقی حاصل کی ہے، پاکستان 136 سے 108 ویں نمبر پر آگیا ہے۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے کے اقدامات ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ اور صنعتی ترقی کے لیے سنگ میل ثابت ہوں گے، ورلڈ بینک رینکنگ اس امر کا ثبوت ہے کہ پاکستان درست معاشی سمت پر گامزن ہے، اس رپورٹ کے بعد ملکی معیشت کے حوالے سے عوام کو گمراہ کرنے والوں کی آنکھیں کھل گئی ہوں گی۔