اسلام آباد: (دنیا نیوز) جمیعت علمائے اسلام کے آزادی مارچ کو روکنے کیلئے حکومت نے تیاری کرلی۔ اسلام آباد میں ڈی چوک کے اطراف کنٹینرز کے دو حصار قائم کر دیئے گئے، ریڈ زون کے راستوں پر کنٹینرز اور رکاوٹیں لگائی جا رہی ہیں۔
اسلام آباد میں انتظامیہ نے ریڈ زون سیل کرنا شروع کر دیا، راستوں پر کنٹینرز اور رکاوٹیں لگائی جا رہی ہیں، ڈی چوک کے اطراف کنٹینرز کے 2 حصار قائم کئے گئے ہیں، پہلے حصار میں مٹی سے بھرے اور دوسرے حصارمیں خالی کنٹینرز لگائے گئے ہیں۔ پولیس کے مطابق کنٹینرز رکھ کر سڑکوں کا ایک حصہ بند کیا جائے گا، راستوں کو مکمل طور پر بند کرنے کا فیصلہ باقاعدہ احکامات ملنے کے بعد کیا جائے گا۔
لاہور میں مارچ روکنے کیلئے ضلعی انتظامیہ نے حکمت عملی تیار کرلی، متعدد کنٹینرز پکڑ لئے جس سے شہر کے داخلی اور خارجی راستوں کو بند کیا جائے گا۔ جے یو آئی سمیت اپوزیشن جماعتوں کے کارکنوں کی لسٹیں بھی تیار کرلی گئیں۔
فیصل آباد میں بھی اپوزیشن جماعتوں کو دھرنے میں شرکت سے روکنے کیلئے پولیس نے تیاریاں مکمل کرلیں۔ ضلعی انتظامیہ اور پولیس نے ساہیانوالہ، ڈپٹی والا اور کمال پور انٹر چینج پر درجنوں کنٹینرز پہنچا دیئے، جہلم اور ٹوبہ ٹیک سنگھ سمیت مختلف شہروں میں بھی کنٹینرز کی پکڑ دھکڑ جاری ہے۔
آزادی مارچ ناکام بنانے کے لئے گوجرانوالہ انتظامیہ بھی میدان میں آگئی، پولیس نے کنٹینرز کی پکڑ دھکڑ شروع کر دی، ڈرائیورز سڑکوں پر ہی سونے پر مجبور ہیں۔ کنٹینر مالکان کا کہنا ہے کہ پولیس نے زبردستی ان کے کنٹینر رو ک لئے جس سے ان میں موجود مال خراب ہونے کا خدشہ ہے۔