ننکانہ صاحب: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے بابا گرونانک یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھ دیا، گورنر، وزیراعلیٰ پنجاب اور وفاقی وزیر داخلہ بھی عمران خان کے ہمراہ تھے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم ننکانہ صاحب سے واپسی پر ایوان وزیراعلی لاہور میں متعدد اعلی سطح کے اجلاسوں کی صدارت کریں گے۔ عمران خان کی زیر صدارت لاہور میں ہیلتھ ریفارمز بارے اجلاس ہوگا، عمران خان کو نواز شریف کی صحت کی تازہ ترین صورتحال اور ایم ٹی آئی ایکٹ بارے بریف کیا جائے گا، وزیراعظم ہاؤسنگ اور امن و امان کے الگ الگ اجلاسوں کی بھی صدارت کریں گے۔
ادھر وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اپنے ٹویٹ میں بتایا کہ بابا گرونانک یونیورسٹی کا سنگ بنیاد سکھ برادری سے عمران خان کے ایک اور وعدے کی تکمیل ہے، کرتارپور راہداری کی صورت میں بین المذاہب ہم آہنگی کا جو بیج انہوں نے بویا ہے وہ مختلف مذاہب کے ماننے والوں میں ہم آہنگی اور رواداری کا سایہ دار شجر بنے گا۔