اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیرِاعظم عمران خان سے چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی اور چیئرمین نادرا عثمان یوسف مبین نے ملاقات کی جس میں ملک میں ٹیکس نیٹ میں اضافے کے حوالے سے اقدامات پر بات چیت کی گئی۔
اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لئے ضروری ہے کہ ٹیکس نیٹ میں اضافہ کیا جائے۔ ٹیکس نیٹ میں اضافے سے ٹیکس دہندگان پر اضافی ٹیکسوں کا بوجھ کم ہوگا۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ اس سے دور دراز علاقوں میں تعلیم، صحت اور دیگر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے گا۔ ٹیکس کی ادائیگی ایک قومی فریضہ ہے۔ اس معاملے میں ٹیکس دہندگان کا اعتماد بحال کرنا نہایت اہمیت کا حامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ ٹیکس کے نظام کو شفاف بنایا جائے، اس طرح ہر محب وطن شہری ملکی تعمیر وترقی میں اپنا کردار ادا کرے۔