کراچی: (دنیا نیوز) سمندری طوفان 'کیار' کی شدت میں اضافہ ہوگیا، ریڑھی گوٹھ میں سمندر کا پانی مزید گھروں میں داخل ہوگیا، کراچی، بدین اور ٹھٹھہ کے ساحل پر نہانے، بوٹنگ اور ماہی گیری پر 5 نومبر تک پابندی لگا دی گئی۔
ساحل سمندر پر سمندری طوفان کیار کے اثرات موجود ہیں، سمندری لہروں کے چڑھنے سے کئی دیہات زیر آب آگئے، کسی جانی و مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی جبکہ چند مقامات پر کچھ فصلوں کے نقصان کی اطلاعات ملی ہیں۔
ساحلی تحصیل شاہ بندر میں 20 سے زائد دیہاتیوں میں سمندر کا پانی داخل ہونے سے مقامی افراد نقل مکانی کرنے پر مجبور ہیں، لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ سیکڑوں کشتیاں اب بھی سمندر میں موجود ہیں، متعدد ماہی گیروں کو تاحال انتظامیہ کی طرف سے کوئی بھی ریڈ الرٹ جاری نہ ہوسکا۔