اپوزیشن کو اعتراض ہوا تو نیب قانون میں ترمیم آرڈیننس کی صورت میں لے آئیں گے، فروغ نسیم

Last Updated On 30 October,2019 07:27 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم نے کہا ہے کہ نیب قانون میں ترمیم لا رہے ہیں، اگر اپوزیشن کو اعتراض ہے تو آرڈیننس کی صورت میں لے آئیں گے۔

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قانون وانصاف کے اجلاس میں عدلیہ ڈریس کوڈ بل کی منظوری کے دوران پیپلز پارٹی رہنما نوید قمر نے کہا کہ ہم اس بل کی حمایت کر رہے ہیں، پھر بھی حکومت آرڈیننس لانا چاہتی ہے۔ بل کو غلط انداز میں متنازع کیوں بنایا جا رہا ہے؟ ہم آرڈیننس کی حمایت نہیں کر سکتے۔

اس پر وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم نے کہا کہ قومی اسمبلی تو عدلیہ ڈریس کوڈ بل منظور کر لے گی، مگر سینیٹ نہیں کرے گی جس کے باعث آرڈیننس لانا پڑے گا۔ آئین آرڈیننس کی اجازت دیتا ہے، اگر آرڈیننس جاری کرنا غیر جمہوری ہوتا تو آئین میں شامل نہ ہوتا۔

فروغ نسیم نے کہا کہ حکومت نیب قانون میں ترمیم لا رہی ہے، اگر اپوزیشن کو نیب قانون پر اعتراض ہوا تو بتا دے، اسے آرڈیننس کی صورت میں لے آئیں گے۔

نوید قمر نے کہا کہ حکومت کسی چیز پر اتفاق نہیں کرتی، معاملات کو بلڈوز کیا جا رہا ہے۔ چیئرمین کمیٹی ریاض فتیانہ نے کہا کہ سینیٹ اور قومی اسمبلی کے ارکان پر مشتمل کمیٹی قائم کر دی گئی ہے جو قانون سازی پر اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوشش کرے گی۔