رحیم یار خان: (دنیا نیوز) رحیم یارخان میں المناک سانحے کے بعد فضا سوگوار ہے، 15 میتیں ورثا کے حوالے کر دی گئیں، ابتدائی تحقیقات میں آگ کی وجہ سلنڈر پھٹنے کو قرار دیا گیا ہے۔
ریلوے پولیس کی رپورٹ میں سلنڈر پھٹنے کو آتشزدگی کی وجہ قرار دیا گیا ہے۔ تحقیقاتی ٹیموں نے جائے حادثہ سے مزید شواہد بھی اکھٹے کرلئے ہیں، فرانزک ماہرین کی خدمات لینے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔ شدید آگ کے باعث کئی لاشیں ناقابل شناخت ہو چکی ہیں جنہیں شیخ زید ہسپتال رحیم یار خان منتقل کیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق لاشوں سے ڈین این اے نمونے حاصل کئے جائیں گے جس سے شناخت میں مدد حاصل ہوگی۔ پولیس نے نامعلوم افراد کے خلاف واقعہ کا مقدمہ درج کرلیا ہے۔
حادثے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد کی حتمی فہرست جاری کر دی گئی ہے، زخمیوں کو شیخ زید ہسپتال رحیم یارخان، وکٹوریہ ہسپتال بہاولپور اور ملتان منتقل کیا گیا ہے۔ جاں بحق افراد میں 2 کی لاشیں عمر کوٹ کے علاقے کنری پہنچا دی گئی ہیں، مرنے والے افراد اپنے دیگر 8 زخمی ساتھیوں کے ساتھ رائیونڈ تبلیغی اجتماع میں جا رہے تھے۔