لاہور: (دنیا نیوز) قومی احتساب بیورو (نیب) حکام نے مریم نواز شریف کی چودھری شوگر ملز کیس میں ضمانت کی منظوری کو چیلنج کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
نیب ذرائع کے مطابق شوگر مل کیس میں مریم نواز کے خلاف ٹھوس شواہد موجود ہیں۔ وہ مکمل صحت مند ہیں اور بیمار بھی نہیں۔ اس کے علاوہ وعدہ معاف گواہ عبداللہ ناصر لوتھا نے بھی شریف فیملی کی منی لانڈرنگ کے حوالے سے اپنا بیان ریکارڈ کروا رکھا ہے۔
ذرائع کے مطابق قومی احتساب بیورو کی جانب سے قانونی مشاورت کے بعد مریم نواز شریف ضمانت کے بارے میں عدالتی فیصلے کو چیلنج کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز شریف کو چودھری شوگر ملز کیس میں رواں سال 8 اگست کو گرفتار کیا گیا تھا۔ نیب کی جانب سے مریم نواز پر منی لانڈرنگ کے الزامات لگائے گئے۔